پٹنہ ،30؍مارچ ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سابق نائب وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت پر بڑا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے بہار آکر رامنومی کے فساد کی ا سکرپٹ لکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت حال میں 14دن کے لئے بہار آئے تھے۔اس دوران انہوں نے رامنومی میں کیسے فسادات بھڑکانا ہے اس کی ٹریننگ دی۔اب لوگوں کو بھی ان کے بہار آنے کے پیچھے کا سارا سچ پتہ چل گیا ہے۔ اس کے بعد تیجسوی نے سی ایم نتیش پر نشانہ لگایا اور کہا کہ ہمارے اتحاد میں نتیش چچا جی کو چھوڑ کر سب کا استقبال ہے۔ساتھ ہی کہا کہ جس مقصد سے اوپیندر کشواہا جی این ڈی اے میں بنے ہوئے ہیں وہ مقصد پورا نہیں ہوا۔ہمیں اوپیندر کشواہا سے گریز نہیں، وہ ہمارے اتحاد میں آئیں تو ان کا استقبال ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ میرے والد لالو جی بیمار ہیں اور ان کی بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔اوپیندر کشواہا سے لالو جی کی ملاقات ہوئی ہے۔لالو جی ایمس میں علاج کرانے گئے ہیں۔اس وجہ سے اوپیندر کشواہا نے لالو جی سے ملاقات کی ان حال کا چال پوچھا۔نتیش چچا نے تو فون پر بھی لالو جی کا حال چال نہیں لے سکے۔نتیش کمار سیاست میں ہم لوگوں سے نفرت کرتے ہیں، لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ انہیں لالو یادو نے ہی سی ایم بنوایا۔سی ایم نتیش میں کچھ نہ کچھ کمی ہے اس لئے وہ بی جے پی کے دباؤ میں ہیں۔ہم سب کو مل جل کر پرامن رہنا چاہتے ہیں۔ یہ نسل پرست سنگھی ہمیں بانٹ کر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے حقوق پر بات نہیں کرنا چاہتے، بلکہ ہمیں دوسرے معاملات میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں۔تیجسوی نے بہار کے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نتیش سے ہاتھ جوڑ کراپیل ہے کہ بہار کے قوانین کو درست کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ترقی کے مسئلے کو بھٹکانے کی سازش ہو رہی ہے بی جے پی ترقی کے ایشو سے لوگوں کو بھٹکانے میں لگی ہے۔بہار کے حالات دیکھ کر اب سمجھ میں آ رہا ہے کہ موہن بھاگوت یہاں کیوں آئے تھے؟ انہوں نے یہاں آکر پوری اسکرپٹ تیار کی اور اب حالات سب کے سامنے ہے۔